مختلف ٹیکس لگا کر عوام کاخون نچوڑا جارہا ہے، امیر العظیم

2062

 

لاہور(وقائع نگارخصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا بم گرار ہے ہیں۔پٹرولیم مصنوعات ، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔اس اضافے سے ملک میں مہنگائی کانیاطوفان آئے گااورغربت کی چکی میں پسے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی۔بجلی ،گیس ، پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو مایوس کر دیا۔ مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ ایل پی جی، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ غربت،مہنگائی ،بے روزگاری،بددیانتی ،کرپشن جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیاہے۔مختلف ٹیکس لگاکر عوام کاخون نچوڑاجارہاہے ۔تحریک انصاف کی حکومت میں عام آدمی کے حالات بہترہونے کی بجائے بدترہوتے جارہے ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبورکردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جھوٹی تسلیوں اوردلاسوں سے عوام کی حالت زار نہیں بدل سکتی۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں پرعمل پیراہے۔حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس نہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ملکی مسائل کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے امانت ودیانت رکھنے والے نمائندوں کافقدان ہے۔70برسوں سے عوامی مسائل میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتاچلاجارہاہے۔حکومت کو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہییں۔ جب تک 22 کروڑ عوام کی زندگی میں آسودگی نہیں آتی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔