بھارتی پائلٹ کی رہائی کے بدلے کشمیری قیادت کی رہائی کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا

57

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان نے کہاکہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کے بدلے کشمیری قیادت کی رہائی اور کشمیر میں مظالم بند کرنے کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کا اصل سبب کشمیر ہے،جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔برصغیر کی تقسیم کے فارمولے کے مطابق کشمیر پاکستان کا حصہ تھا مگر بھارت نے کشمیر میں فوجیں داخل کرکے اس پر زبردستی قبضہ کرلیا،گزشتہ 70سال سے کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزادی کیلیے جدوجہد کررہے ہیں، بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کیلیے ظلم و جبر اور تشد د کا ہر حربہ آزمالیا ہے لیکن وہ آزادی کی اس تحریک کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس کیلیے انہوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی دی ہے اور شہدا کی قبروں پر پاکستانی پرچم لہراتے نظر آتے ہیں،سات سال کے بچے سے لیکر 75سال کے بزرگ بھی اس جدوجہد میں شریک ہیں۔بھارت اندر سے کھوکھلا ہوچکا ہے،بھارت میں ستر سے زائد علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔اب پاکستانی حکومت کا بھی فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کی کھل کر پشتیبانی کرے، وقتی اور عارضی اقدامات سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگااس لیے حکومت کو اس کاحل ڈھونڈنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے جدوجہد اور قربانیوں کا حق ادا کردیا ہے ، اب وہ پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔
آر پی او سرگودھا کی کھلی کچہری ، عوامی شکایات متعلقہ فسران کو احکاما ت جاری
سرگودھا (اے پی پی )ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا سید خرم علی شاہ نے آر پی او آفس سرگودہا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ اس موقع پر سائلین سے درخواستیں وصول کی گئیں۔ سب سے پہلے خواتین کو سنا گیا ریجنل پولیس آفیسر نے سائلین کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔سائلین کی درخواست پرانکوئری اپنے دفتر سے ہی کروانے کا حکم جاری کیا۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری کا مقصد سائلین سے بالمشافہ ملاقات کرکے آپ لوگوں کی شکایات کو معلوم کرنا ور آپ کے مسائل کو حل کرنا ہے درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر کاروائی کریں گے اورمیں ان درخواستوں کو پیروی خود کروں گا۔