راولپنڈی، پولیس کی کارروائی ، ڈکیت گینگ کے 13 ملزمان گرفتار

349

 

راولپنڈی(اے پی پی) پوٹھوار ڈویژن پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا ہے کہ علاقے میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس ریفارم کے ساتھ ایس او پی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، ایک ماہ کے دوران اپنے علاقہ سے پانچ ڈکیت گینگز کو گرفتار کیا، قتل کے پانچ ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ منشیات فروشی کے اڈوں کا خاتمہ کیا گیا،پنجاب حکومت کی ہدایت پر پتنگ بازی کرنے والے 245افراد کے خلاف مقدمات درج کیے۔ ان خیالات کا اظہار کیپٹن (ر) دوست محمد نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ قتل کے آٹھ واقعات پیش آئے جن میں پندرہ افراد ملوث تھے، پولیس نے چھے ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ چار ملزمان کے چالان عدالت میں پیش کیے۔ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پانچ گینگز کے33ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 13ملزمان گرفتار کیے اور ان کے قبضہ سے 6 گاڑیاں، 11 موٹر سائیکلز، 8 رائفلز، ایک پستول، 63 راؤنڈ اور ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پوٹھوہار سرکل پولیس نے علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے والے 120ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جبکہ منشیات فروشی کے اڈوں کا خاتمہ کرتے ہوئے 95مقدمات درج کیے۔انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران پتنگ بازی کرنے والے 245ملزمان اور قمار بازی کرنے والے چارملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔