محنت کش قومی اداروں کی نجکاری کسی قیمت پر قبول نہیں کریں گے

143

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نج کاری کی جانب سے اگلے پانچ سالوں کیلیے نج کاری پالیسی پیش کرنے اورپی آئی اے ، اسٹیل مل سمیت 48اداروں کی نج کاری شیڈول پیش کرنے کی سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کا دم بھرنے والے محنت کشوں کے معاشی قتل عام پر اتر آئے ہیں ۔ان تمام قومی اداروں کی تباہی اور بربادی میں محنت کشوں کا کوئی ہاتھ نہیں ہیں ۔حکمراں اپنی پالیسوں پر نظر ثانی کریں اور محنت کشوں کو دیوار سے نہ لگایا جائے ۔حکومت قومی اداروں کی نج کاری کی پالیسی سے باز نہیں آئی تو این ایل ایف سخت مزاحمت اور احتجاج کرے گی ۔حکومت قومی اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرے ۔پاکستان اسٹیل ، پی آئی اے ،بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نج کاری پاکستان کی معیشت کیلیے تباہ کن ثابت ہوگی ۔محنت کش کسی بھی قیمت پر اسے قبول نہیں کریں گے اور پوری قوت کے ساتھ احتجاج بلند کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے محنت کشوں کی مشاورت سے احتجاجی مہم کا اعلان کیا جائے گا۔