سرکاری اسپتالوں میں لیبارٹریوں کی فیسوں میں اضافہ واپس لیاجائے،امیرالعظیم

204

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت نے صرف 6 ماہ کے مختصر عرصے میں ادویات کی قیمتوں میں سوفیصد تک اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ امراض قلب، شوگر، بلڈ پریشر سمیت دیگر موذی بیماریوں کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کے نرخوں میں ہوشربا اضافے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ رہی سہی کسر حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کی لیبارٹریوں کی فیس میں اضافے نے پوری کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے تمام شعبہ جات میں جابجا سروس چارجز کا نوٹس جاری کیا ہے، جس میں تمام سرکاری اسپتالوں کے ہر شعبہ کے لیے فیسوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمے داری ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شعبہ صحت شامل ہی نہیں۔ دو ماہ کے دوران ادویات کی قیمتیں دوبار بڑھائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں افراد مختلف بیماریوں کے ہاتھوں جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ ملک کی 70 فیصد آبادی جسے دو وقت کی روٹی میسر نہیں وہ علاج معالجے کے لیے سرکاری اسپتالوں کا رخ کرتی ہے مگر وہاں پر بھی مریضوں کے ساتھ ہونے والا ناروا سلوک اور ذلت وخواری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ لواحقین کو الگ سے تنگ کیا جاتا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ جب تک سرکاری اسپتالوں کی حالت اور شعبہ صحت کے حوالے سے حکومتی ترجیحات واضح نہیں ہوجاتیں اور عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت ان کی دہلیز پر دستیاب نہیں ہوجاتی، تندرست وتوانا معاشرے کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ ایک صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی بنیاد بنتا ہے۔
پشاور پولیس کا سرچ آپریشن، 93 مشتبہ افراد گرفتار
پشاور (اے پی پی) پشاور پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران 93 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پشاور پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پولیس اسٹیشنز ، خزانہ ، پھندو ، بڈھ بیر اور پشتہ خرہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران غیر قانونی اسلحہ اور منشیات رکھنے کے الزامات کے تحت 93 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔