سود کیخلاف قرارداد کا پاس ہونا ملکی خوشحالی کیلیے اہم سنگ میل ہے 

182

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں سود کے خلاف قرارداد کا پاس ہونا ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اس قرار داد پر جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور سینیٹ کے تمام ارکان مبارک باد کے مستحق ہیں سینیٹ کا ایوان اس لحاظ سے بھی مبارک باد کا مستحق ہے کہ اس نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے پہل کی اور اب ملک کے دیگر ادارے بھی اسی طرح سینیٹ کی پیروی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر سراج الحق نے یہ قرار داد پیش کرکے سینیٹ کے ایوان میں قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے اب پارلیمنٹ کے دوسرے ایوان قومی اسمبلی کا فرض ہے کہ وہ وہ بھی ایسی ہی قانون سازی کے لیے متحرک ہو اور عوام کے منتخب ایوان کی حیثیت سے اپنی قومی ذمے داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں یہ بات لکھی ہوئی ہے کہ اس ملک میں کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنے گا سینیٹ میں سود کے خلاف قرارداد ایک اہم پیش رفت ہے اور اس پر پوری قوم متحد ہے کہ ملک میں کسی بھی سطح پر سود کانظام نہیں ہونا چاہیے سینیٹ کی پیروی کرتے ہوئے اب ملک کے بنک بھی بلا سود بنکاری شروع کریں اور ملک میں سے سود کی لعنت ختم کردیں ۔
مانسہرہ،مفرور ملزمان کیخلاف خصوصی مہم ، مفرور اور اغوا کا ملزم گرفتار
مانسہرہ (اے پی پی)ڈی آئی جی ہزارہ محمد علی خان بابا خیل کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او مانسہرہ زیب اللہ خان کی سربراہی میں مانسہرہ پولیس کو سنگین مقدمات سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب اشتہاری،مفرور ملزمان کے خلاف خصوصی مہم کے دوران مفرور اور اغوا کا ملزم گرفتارکیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری نے 2016ء سے مفرور ملزم عاصم شاہ کو گرفتار کر لیا۔ملزم تھانہ سٹی کو ڈکیتی اور چوری کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ بٹل آصف حسین نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم دلدار ولد محد جان کو گرفتار کر لیا۔ملزم تھانہ بٹل کو اغوا اور زنا جیسے مقدمات میں 31 جنوری سے مطلوب تھا۔ایس ایچ او تھانہ گڑھی حبیب اللہ یاسر خان نے سال 2018ء سے مفرور ملزم محمد رفیق ولد عبدالطیف سکنہ دوگہ کو گرفتار کرلیا ملزم تھانہ گڑھی حبیب اللہ کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔
پشاور، کے پی فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،3نمکو فیکٹریاں سیل
پشاور(آ ئی این پی)خیبر پختوں خوا فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں کارروائی کے دوران نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر 3 نمکو فیکٹریاں، کیمیکل شاپ اور صفائی کی ناقص صورت حال پر ایک بیکری سیل کر دی، جمعرات کوفوڈ اتھارٹی کے مطابق پشاور کے علاقے گلبہار پھندو روڈ پرکارروائی کی گئی جس کے دوران غیر معیاری تیل اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر 3 نمکو فیکٹریاں سیل کی گئیں۔ نان فوڈ گریڈڈ کلرز کی خرید و فروخت پر ایک کیمیکل شاپ بھی سیل کی گئی،کارروائی کے دوران غیر معیاری اور باسی گوشت کی فروخت پر ایک قصائی کی دکان سیل اور صفائی کی ناقص صورتحال پر ایک بیکری کو بھی سیل کیا گیا۔ کارروائی میں گرفتار 3 ملزمان کو پھندو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
چھت پر کام کے دوران بجلی تاروں کو چھونے سے 26سالہ نوجوان جاں بحق
فیصل آباد (اے پی پی ) ریسکیو 1122 فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ نوجوان وقاص ولد ارشاد شاداب پلی نزد انصاری پارک فیصل آباد کے قریب چھت پر کام کر رہا تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ وہاں سے گزرنے والے 11کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن الیکٹرک سپلائی لائن سے چھو گیا جس کے نتیجے میں اسے بجلی کا زور دار جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کی لاش الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دی گئی جہاں سے ضروری قانونی کاروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔