گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری قابل مذمت ہے،حاجی نعیم

96

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)صدر فوڈ بورڈ ، نائب صدر انجمن تاجران سپریم کونسل حاجی نعیم احمد نے اوگراکی جانب سے ایک بار پھر گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا کی منظوری کے بعد گیس151روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی ہے،گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے سب سے زیادہ صنعتی شعبہ متاثر ہوگا،مہنگی گیس و بجلی سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور مہنگی اشیا کے باعث ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھے گا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر کمی کا شکار ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حاجی نعیم نے کہا کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو کنٹرول کرنے اور صنعتی ترقی کیلیے صنعتی مقاصد کیلیے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کیلیے ایک جامع حکمت عملی وضح کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نہ صرف مینو فیکچررز کی معاونت ہو، بلکہ صنعتی کارکنوں کو بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری نہ دے اور گیس قیمتوں میں اضافہ کے بجائے گیس کی چوری روکے تو گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ضروت باقی نہ رہے۔