ایم ڈی اے نے تیسر ٹاؤن اسکیم بدنام کرنے والوں کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع کرلیا

687

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایم ڈی اے ) کی نیو تئیسر ٹاؤن اسکیم دور حاضر کی سستی ترین اسکیم ہے جو شہریوں کو مستقبل قریب میں بہترین رہائشی کی سہولیات فراہم کرے گی۔ یہ بات اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل خان نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکیم کے حوالے سے شہریوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے اور ایم ڈی اے کو بدنام کرنے کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو تیسر ٹاؤن کی ” اپنا گھر ” سمیت دیگر تمام اسکیموں کو بدنام کرنے والے عناصر کا پتا لگاکر ان کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت کی جانب سے اسکیم کے حوالے سے کسی قسم کا نوٹس لینے کی خبر بھی بے بنیاد ہے۔ اے ڈی جی نے بتایا ہے کہ اپنا گھر اسکیم تیسر ٹاؤن کی شہریوں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے شرپسند عناصر غیر معمولی سرگرم ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا اس اسکیم کے فارم ایم ڈی اے کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں جبکہ سلک بینک کو فارم کے اجرا اور جمع کرانے والوں کو سہولیات فراہم کرنے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔ سہیل خان نے بتایا ہے تیسر ٹاون پرانی اسکیم کے الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کا عمل پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے جبکہ اسکیم کا ڈیولپمنٹ ورک بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ جبکہ نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم کے پلاٹوں کا قبضہ ایک سال پہلے سے خوش قسمت الاٹیز کو دینے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اب تک وہاں بھی متعدد مکانات تعمیر بھی ہو چکے ہیں 40 ہزار سے زاید پلاٹوں کے الاٹیز اپنی سہولیات کے مطابق قبضہ لے کر مکانات کی تعمیر بھی شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے سیکٹر 24اور25 پر کچھ لوگوں نے قبضہ کر لیا تھا لیکن اب اس کا بھی فیصلہ ایم ڈی اے کے حق میں عدالت دے چکی ہے۔ سہیل خان کا کہنا تھا کہ تیسر ٹاؤن اپنا گھر اسکیم مستقبل کی بہترین ہاؤسنگ اسکیم کہلائے گی۔ اس کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی ماہرین اور معززین کی موجودگی میں شفاف نظام کے تحت کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکیم ناردرن بائی پاس کے قریب ہونے کی وجہ سے کراچی کی ترقی کے ساتھ شہریوں کی سستی رہائش حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ تیسر ٹاؤن اپنا گھر اسکیم کے فارم سلک بینک ہی میں جمع ہونگے۔ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ30 مارچ مقرر ہے تاہم شہریوں کی ضروریات کو دیکھ کر اس تاریخ میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔