فیصل آباد میں چوری وڈکیتی کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں 

99

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد سمیت پورے صوبے میں چوری، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت اور مختلف قسم کی وارداتیں عام ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ اجمل حسین بدر نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔ با اثر افراد کے لیے قانون موم کی ناک اور غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ شریف آدمی اپنے ساتھ واردات ہونے کے باوجود پولیس اسٹیشن جانے سے گھبراتا ہے۔ عوام کی کسی بھی سطح پر کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ سسٹم کو بدلنے کے دعویداروں نے بھی لوگوں کو مایوس کیا ہے۔رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ایک طرف عوام کو گیس دستیاب نہیں تو دوسری طرف رہی سہی کسر گیس کے بلوں میں ہوشر با اضافے نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو برسر اقتدار آئے 6 ماہ ہونے کو ہیں مگر کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے خوش نہیں۔ لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔