تبدیلی کے نام پر نوجوانوں کے خوابوں کا خون کیا گیا ،ڈاکٹرطارق سلیم

106

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ نیا پاکستان والوں نے تبدیلی کے نام پرنوجوانوں کے خوابوں کا خون کیا ،ہرآنے والی حکومت نے یوتھ کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کااستحصال کیا ،جماعت اسلامی نے نوجوانوں کومعاشرے میں ان کا مقام دلانے کیلیے اہم کرداراداکیا ہے یہی وجہ ہے کہ سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں آج جے آئی یوتھ کے نوجوان ظلم کے خلاف مظلوم کے پشتیبان اوردفاع پاکستان کے لیے پرعزم ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جے آئی یوتھ کے زیراہتمام یوتھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی صدرجے آئی یوتھ ملک عمران خان ، جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری سیدعزیر حامد، تصویر امتیاز، شکیل عمران بدرسمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔یوتھ اسمبلی میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی جنرل سیکرٹری جے آئی یوتھ حماد عباسی سمیت دیگرذمہ داران سمیت اسمبلی ممبران نے شرکت کی ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پاکستانی حکمرانوں نے بھارتی دباؤپرمذہبی جماعتوں پرپابندی اورگرفتاریوں سے ثابت کردیا کہ وہ دباؤ کے سامنے کھڑے ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتے ، پوری پاکستانی قوم اورسیاسی ومذہبی جماعتیں پاک فوج کی پشت پرکھڑی ہیں ، بہت بہترپوزیشن ہونے کے باوجود حکمران کمزوی کا مظاہرہ کرکے غیوراوربہادرپاکستانی عوام کو مایوس کررہے ہیں۔پاکستان کی سالمیت پر آنچ آئی تو جماعت اسلامی کا ہر جوان فرنٹ لائن پر لڑے گا۔23 مارچ کو عید گاہ گراؤنڈسرگودھااور 31مارچ کولیاقت باغ کے تاریخی گراؤنڈ میں عظیم الشان تحفظ پاکستان ورکرز کنونشن منعقد کریں گے ۔