حکومت بیروزگاری کے خاتمے کیلیے کوئی پالیسی لیکر نہیں آئی

267

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت اسمبلیوں میں نہیں پہنچتی ۔ جن لوگوں کے اپنے دامن اخلاقی و مالی کرپشن سے داغدار ہیں ، وہ ملک و قوم کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نہیں نکال سکتے ،رابطہ عوام مہم کے دوران جماعت اسلامی کے کارکن ملک بھر میں پچاس لاکھ گھروں تک اپنا پیغام پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی شرائط ماننے سے نہیں بلکہ خود انحصاری کے باعزت راستے پر چلنے سے آئے گی اور یہ تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے اور جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،حکومت ابھی تک بے روزگاری کے خاتمے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے لیکر نہیں آئی ۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری سے تنگ آکر اپنی ڈگریاں جلانے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ حکومت نے قوم کو تبدیلی کے جو سہانے خواب دکھائے تھے ان کی تعبیر مہنگائی کی صورت میں سامنے آئی ہے ۔ ابھی تک بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے علاوہ تو کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اداروں کے بند ہونے سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں ۔ حکومت کو اپنی کارکردگی کا خود جائزہ لینا چاہیے ۔ اب تک کی حکومتی کارکردگی عوام کو مطمئن نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کے نعرے لگا کر اور وعدے کر کے اس کی طرف کوئی قدم نہ بڑھانا تبدیلی نہیں ،پی ٹی آئی حکومت ابھی تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی بلکہ اب تو اپنی اخلاقی ساکھ بھی کھو رہی ہے۔