کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے اسلام فوبیا کا ماحول بناکر عالمی امن کو خطرے سے دوچارکردیا ہے،کشمیرسے فلسطین تک مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہاہے اس کے باوجود دہشت گرد بھی مسلمانوں کو ٹھیرایا جارہاہے،مغرب کے دہرے معیارکے باوجوداسلام دنیامیں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔موجودہ صورتحال میں قوم کے اتحاد ویکجہتی اور ایک امت کے تصور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران غیروں کے اشاروں پر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے بجائے آج قرآن وسنت کی تعلیم دینے والے مساجد ومدارس پر تالے لگانے میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو کسی خاندان کے بجائے غریب عوام اور اللہ کی جماعت ہے جو کہ اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے، دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، ذمے داران گھر، بازاروں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد تک دعوت دین پہنچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری، بھٹ شاہ اور منصورہ ہالا میں دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماعات، ذمے داران کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پرمعرض وجود میں آنے والے ملک میں آج لادینیت ، ڈش ٹی وی کے ذریعے شیطان گھروں میں داخل اور دین سے دوری ہوتی جارہی ہے جس کو مکمل حکومتی سرپرستی حاصل ہے،تبدیلی کا نعرہ بھی کھوکھلا دعویٰ اور دھوکا ثابت ہوا، عوام کا مہنگائی بیروزگاری کی وجہ سے جینا حرام ہوگیا ہے ،اس لیے مسائل سے نجات، حقیقی تبدیلی سمیت ہمارے انفرادی واجتماعی مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام میں مضمر ہے۔