کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر بم حملہ‘4 اہلکار زخمی

265
کوئٹہ: بم دھماکے میں تباہ ہونے والی پولیس کی گاڑی، حملے میں 4اہلکار زخمی ہوئے
کوئٹہ: بم دھماکے میں تباہ ہونے والی پولیس کی گاڑی، حملے میں 4اہلکار زخمی ہوئے

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی پر بم حملے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق پیر کی رات کو دھماکا کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی میں اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے سے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا موٹرسائیکل پر نصب دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیاگیا۔دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کے پرزے اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے میاں غنڈی میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعے پر کا اظہارافسوس کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے،خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی، وزیراعلیٰ نے پولیس کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔