بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بم دھماکے سے2 افراد ہلاک

175

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بم دھماکے سے2 افراد ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے 7 گاڑیاں اور3 موٹرسائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔پولیس کے مطابق جمعرات کی دوپہر کوئٹہ سے تقریباً5 سو کلو میٹر دور پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول کے قریب واقع ایک موٹر گیراج میں دھماکا ہوا۔دھماکے کی شدت سے علاقے میں خو ف وہراس پھیل گیا اور بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔ گیراج میں پیٹرول کی موجودگی کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور وہاں موجود گیس سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔ پنجگور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جمیل احمد باجوئی کے مطابق واقعہ کے وقت گیراج اور اس کے اطراف میں رش تھا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے سے وہاں موجود افراد کو بھاگنے کا موقع نہیں ملا اور ان میں سے 2افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ 9افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کردیاگیا۔ڈی پی او کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب 2سے3 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ موٹر سائیکل نامعلوم دہشتگرد وہاں کھڑی کرکے فرار ہوگئے تھے۔ جمیل احمد باجوئی نے بتایا کہ حملے کا ہدف کالعدم تنظیم کے وہ ارکان تھے جو کچھ عرصہ قبل ہتھیار ڈال کر حکومت کے سامنے تسلیم ہوگئے تھے۔ یہ افراد خراب گاڑی بنانے کیلیے گیراج آئے تھے۔اسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں زاہد ولد حاجی محمد علی،ہوٹل مالک در محمد ولد گل محمد،عبداللہ ولد حبیب ،جہانزیب ولد محمد رفیق،امید علی ولد فضل،عبدالحلیم ولد نبی بخش،عبدلرزاق ولد غلام حسین ،نور احمد ولد مولا بخش،بدل خان ولد اسماعیل شامل ہیں۔