ڈرون مکھیاں اُڑنے کو تیار

227

سال قبل اُڑنے والے روبوٹک پرندے کا بہت چرچا ہوا تھا اور اب اسی کے خالق نے میٹا فلائی نامی روبوٹ کیڑا بنایا ہے جو عین اُڑنے والے کیڑے کی طرح پرواز کرتا ہے۔ فرانس کے ایرو ناٹیکل انجینئر ایڈوِن وان رایومبکے نے کیڑوں سے متاثر ہوکر پرواز کرنے والی بڑی مکھی تیار کی ہے جسے انہوں نے میٹا فلائی کا نام دیا ہے۔ کئی اقسام کے اڑنے والے کیڑوں کو دیکھتے ہوئے میٹا فلائی کو ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسی بنا پر اسے مکھیوں اور بھنوروں کی نقل کرنے والی مشین کہا جاسکتا ہے۔
میٹا فلائی کا وزن صرف 10 گرام، لمبائی ساڑھے 7 انچ اور اس کے پروں کا گھیر 11 انچ سے کچھ زیادہ ہے۔ مرکزی ڈھانچے میں لگی کورلیس موٹر سے اس کے پر پھڑپھڑاتے ہیں جو لیتھیم پالیمر بیٹری سے چلتی ہے۔ پروں کی حرکت سے جو حرارت پیدا ہوتی ہے اسے جذب کرنے کے لیے ایلومینیم ہیٹ سِنک لگایا گیا ہے۔
میٹا فلائی کو دورانِ پرواز کنٹرول کرنے کے لیے اس میں 2چینل کا ریڈیو ریموٹ کنٹرول ہے۔ صرف 15 منٹ کے چارج پر اڑن کیڑا 8 منٹ کی پرواز کرتا ہے۔ اس کے علاوہ الگ سے ایک پاور بینک بھی ہے جس سے ڈرون چارج کیا جاسکتا ہے تاہم یہ کیڑا زیادہ سے زیادہ 100 میٹر کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے۔
فی الحال یہ کِک اسٹارٹر منصوبہ ہے اور ایک مکمل سیٹ 78 ڈالر یا 10 ہزار روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ کمپنی نے عوام کے سوالات پر جواب دیا ہے کہ کیڑے ڈرون کا سر، دھڑ، ٹانگیں اور پر وغیرہ کاربن فائبر اور دیگر لچک دار پالیمر سے بنائے گئے ہیں، اسی بنا پر دیوار یا درخت سے ٹکرانے پر اسے کوئی خاص نقصان نہیں پہنچتا۔