فیس بک کا پرائیویسی برقرار رکھنے کے لیے بڑا اعلان

242

فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ میسیجنگ سروس کو قابل بھروسا، محفوظ اور پرائیویسی کے مروجہ اصولوں کو برقرار رکھنے کے انقلابی اقدام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ بلاگ میں انکشاف کیا ہے کہ میسیجنگ سروس کو ایسے ڈھنگ میں ڈھالا جا رہا ہے جہاں صارفین کو نجی گفتگو کے دوران پرائیویسی کا پختہ یقین ہوگا اور وہ جانتے ہوں گے کہ ان کے پیغامات ناصرف محفوظ ہیں بلکہ ایک خاص مدت بعد پیغامات خود بخود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔
مارک زکر برگ نے مزید کہا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی میسیجنگ سروس کو خود سروس فراہم کرنے والے والا یا کوئی تیسرا فریق نہیں پڑھ سکے گا اور صارفین اپنے پیغامات کو ایک خود کار نظام کے تحت اپنی مرضی کے وقت پر ڈیلیٹ کرواسکیں گے۔ فیس بک کے مالک اس حوالے سے جو اقدامات اُٹھا رہے ہیں اُن میں چیٹس کا محفوظ ہونا، کسی تیسرے فریق کا چیٹس نہ پڑھ پانا، پیغامات خاص مدت بعد خود بخود حذف ہوجانا اور ڈیٹا کی حفاظت شامل ہے۔ فیس بک یہ اقدامات حالیہ تنقید کے بعد اُٹھا رہا ہے جس میں صارفین کا ڈیٹا اور چیٹس لیک ہونے پر احتجاج کیا گیا تھا۔