تبدیلی کے نام پر آنے والے کوئی تبدیلی نہیں لاسکے،عمران رشید

115

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرارنے کہا ہے کہ ہر آنے والادن ثابت کر رہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر آنے والے کوئی تبدیلی نہیں لاسکے۔ المیہ یہ ہے کہ ملک میں سیاست اور جمہوریت کے نام پر عوام کو یرغمال بنا کر ایک استحصالی نظام مسلط کر دیا گیاہے۔ نام نہاد سیاسی وجمہوری جماعتوں نے ملک میں سیاست اور جمہوریت کوپنپنے نہیں دیا اور کارکنوں کی سیاسی تربیت کرنے کے بجائے انہیں چاپلوسی، خود غرض اور مفاد پرست بنا کر ملکی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ستر سال میں بار بار حکمرانی کرنے والوں نے عوام کی حالت بدلنے کی طرف توجہ نہیں دی۔ جماعت اسلامی ایک نظریاتی و جمہوری جماعت ہے جو انسانوں پر مسلط استحصالی نظام کو بدلنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں مغرب اور استعماری طاقتوں کے مسلط کردہ نظام کے بجائے قرآن و سنت کے تابع حقیقی جمہوری نظام لانا چاہتی ہے۔ ہم اپنا نظریہ طاقت سے مسلط کرنے کے بجائے جمہوری اور آئینی جدوجہد کے قائل ہیں۔