صوبائی حکومت معدنی شعبے کی ترقی کیلیے سنجیدہ ہے،ڈاکٹراختر نذیر

126

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر نے کہا ہے کہ قدرت کی طرف سے پاکستان کو بلوچستان کی شکل میں انمول تحفہ ملا ہے ۔ اور اس تحفے کی بدولت نہ صرف صوبہ بلکہ ملک کی معاشی صورتحال پر کافی مثبت اثرات پڑیں گے ۔ بلوچستان منفرد جغرافیائی محل وقوع ، طویل ساحلی پٹی ، قیمتی وسائل و معدنیات کا حامل صوبہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معدنی شعبے کی ترقی کے حوالے سے منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو ریکو ڈک جیسے علاقے سے نوازا ہے جہاں پر تانبے اور سونے کے بڑے بڑے ذخائر موجود ہیں اس کے علاوہ لوہا ، کوئلہ ، کرومائٹ ، ماربل ، زنک جیسی نعمتوں سے بھی مالا مال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت معدنی شعبے کی ترقی کیلیے سنجیدہ ہے اور اس کیلیے ہنگامی طور پر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ جس سے صوبہ اور ملک تیزی سے ترقی کرے گا اور ملکی جی ڈی پی بڑھانے میں اہم کردار ادا کریگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے محسوس کیا ہے کہ اس محکمے پر خاص توجہ دی جائے اور اس شعبے میں جدت لائی جائے جس سے لوگوں کے معیار زندگی پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے اور بلوچستان سرمایہ کاروں کیلیے محفوظ ترین صوبہ ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔