پولیس افسران دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلیے اپنی صلاحتیں استعمال کریں، امجد سلیمی

1130

 

راولپنڈی (اے پی پی) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں نے عام شہریوں کے جان و مال کو بہت نقصان پہنچایا ہے اوروطن عزیز کو جرائم ، بدامنی اور دہشت گردی کے حوالے سے بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس تاثر کو صرف خلوص ، محنت، پیشہ ورانہ مہارت، حب الوطنی ، جذبہ ایمانی اور عوام کے تعاون سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے، اس مقدس مشن کے لیے ہمیں بہت سی قربانیاں دینا ہوں گی، بلا شبہ پولیس کے افسروں اور جوانوں نے پاکستان کی بقا کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا اورجام شہادت نوش کر کے ایک ایسی زریں تاریخ رقم کی ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے پیر کو پنجاب پولیس کالج سہالہ میں پروبیشنز اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ساٹھویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیس کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے پولیس کالج سہالہ کو ہمیشہ مادرِ علمی کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ کیونکہ یہاں سے پنجاب کے علاوہ قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے افسران بھی تربیت حاصل کرتے ہیں۔حکومت پنجاب کے پولیس کلچرٹرانسفارمیشن پروگرام کے عملی مرحلے پرپی پی ایس سی کے ذریعے براہ راست بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کے 60ویں بیج کی عملی تربیت مکمل ہو رہی ہے ۔ یہ پاکستانی نوجوانوں میں سے وہ 217 خوش قسمت افسران ہیں جن کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عظیم مقصدکے لیے 100فیصد میرٹ پرشفاف طریقہ سے منتخب کیا گیا ۔ مجھے جب یہ بتایا گیا تو جان کر مسرت ہوئی کہ ان منتخب شدہ ٹرینی افسران میں ماسٹرزاور لاء گریجویٹ سطح کے تعلیم یافتہ افسران شامل ہیں اور میرے علم میں یہ بھی آیا ہے کہ اِن افسران نے ٹریننگ کے تمام مراحل خوش اسلوبی اور کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔ میں ان کے والدین اور اساتذہ کو اس موقع پر خصوصی مبارک باد دیتا ہوں۔کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ اور ان کی ٹیم کی شب و روز محنت کا ثمر دیکھ رہے ہیں۔ کمانڈنٹ نے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کی معاونت سے ان افسران کی عملی تربیت کے لیے پولیس ٹریننگ کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس طرح ازسرنو ترتیب دیا ہے جس میں کریکٹر بلڈنگ ، فزیکل فٹنس اورپیشہ وارانہ صلاحیت کو مدنظر رکھا گیا ہے اور میں اُمید کرتا ہوں کہ یہ انقلابی تبدیلیاں ہر سطح کی ٹریننگ کے لیے بہترین ثابت ہوں گی۔ ہم عوامی ضروریات اور حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب پولیس کے لیے ایک نئی منزل کا تعین کررہے ہیں۔ معاشرے اور عوام الناس کے خادم اور محافظ بن کر ہی دنیاوی اور اخروی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ قانون اور انصاف کی بالا دستی اور مظلوم کی داد رسی ، سماج دُشمن عناصراور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور کوئی بھی غیر اخلاقی اور ناجائز فعل نہ کریں، چاہے اس کے احکامات کہیں سے ہی کیوں نہ آئے ہوں۔ آپ کی کارکردگی ایسی ہونی چاہیے کہ قانون شکن اور جرائم پیشہ قوتو ں کے لیے آپ مستقل خوف کی علامت بن جائیں جبکہ امن پسند شہریوں کے لیے آپ تحفظ اور امن کی ضمانت ہوں ۔ آپ اپنے آپ کو عوام کی خدمت اور مدد کے لیے ہروقت مستعد اور تیار رکھیں۔