سکھر(نمائندہ جسارت) سکھرپولیس کی اسٹریٹ کرمنل اور سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، پولیس اعلامیہ کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران مفرور اشتہاری، شراب و منشیات فروشوں سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، چرس، بھنگ، شراب کی بوتلیں اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کیمطابق سانگی پولیس نے اطلاع پردوران ناکہ بندی کارروائی میں ایرانی تیل سپلائر 3 ملزمان فیاض سومرو، نعمت، میراحمد جاگیرانی کو گرفتار کر کے 40000 لیٹر غیر قانونی ایرانی ڈیزل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ جھانگڑو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی میں دو شراب فروش خادم کلہوڑو، نریش کمار کو گرفتار کر کے شراب کی بوتلیں برآمدکرلیں، ائرپورٹ پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ بچل شاہ کے قریب کارروائی میں دو ملزمان عاشق جمالی اور اختر حسین میرانی کو گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 2000 گرام چرس اور شراب کی بوتلیں برآمد مقدمات زیردفعہ 9C اور 3/4 کے تحت درج کر لیے گئے،پنوعاقل ، باگڑجی اور سی سیکشن پولیس نے کارروائیوں میں4 منشیات فروشوں کوگرفتار کر کے شراب برآمد کر لی اور زیر دفعہ 3/4 کے تحت مقدمات درج کر لیے ،مبارک پور میں ایک ملزم قابل غیرقانونی اسلحے سمیت ، بائیجی میں دو بکی اور ا ے سیکشن پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم محب سولنگی کوگرفتار کرلیا۔ مزید برآں نیوپنڈ سے اشتہاری شراب فروش سمیت دو ملزمان عادل چنا اور رضوان بندھانی کوگرفتار کیا گیا ۔ دوسری جانب سکھر پولیس کی جانب سے شاہ بیلو جنگلات کے کچے میں منظم ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن کی تیاریوں کیلیے تین پولیس کیمپس قائم کر کے وہاں نفری تعینات کر دی گئی، ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے بتایا ہے کہ بھاری نفری اور ہیوی مشینری چین طلب کرلی گئی ہیں، جبکہ ڈاکوؤں کے ٹھکانوں تک رسائی کیلیے کچے میں رکاوٹ کے راستوں کو کرین کی مدد سے ہموار کیا جا رہا ہے، پولیس کیجانب سے کچے کے مختلف داخلی وخارجی راستوں سمیت بند سے منسلک علاقوں پر پکٹس قائم کی گئی ہیں،اورکچے میں پولیس نے ڈاکوؤں کامکمل محاصرہ کرلیا ہے، آپریشن میں ڈاکوؤں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کَیا جائے گا ، ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے محفوظ ٹھکانوں کو مسمار جبکہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلیے پر عزم ہیں، جرائم پیشہ افراد اور ڈاکوؤں کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا ۔