سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قانونی اصلاحات نے اس بات کا مشاہدہ کیا ہے کہ احتساب عدالت سمیت دیگر خصوصی عدالتیں بغیر کسی ’چیکس اینڈ بیلنسز‘ کے کام کررہیں اور یہ نہ ہی ہائیکورٹس کی نگرانی میں ہوتی ہیں اور نہ ہی یہ وزارت قانون کے انتظامی کنٹرول میں آتی ہیں۔
کمیٹی کا اجلاس سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں دیگر سینیٹر سمیت وزارت قانون و انصاف کے حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران جب سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے سیشن عدالتوں کے ساتھ خصوصی عدالتوں کے انضمام سے متعلق ایجنڈے پر بات کی تو یہ مشاہدہ کیا کہ احتساب عدالتوں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی خصوصی عدالتیں بغیر کسی نگرانی یا چیکس اینڈ بیلنسز کے کام کر رہی ہیں جن پر کنٹرول ازحد ضروری ہے۔