دشمن قوتیں پاکستان کی شناخت مٹانے کے در پے ہیں، ایاز علی عمرانی

487

حیدر آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت یوم پاکستان ’’میرا وطن میری پہچان‘‘ کے سلوگن کے ساتھ منایا جائے گا۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ سندھ ایاز علی عمرانی کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے گزشتہ روز سے ہی سرگرمیوں کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ ہفتہ وار تعطیل کے باعث پیرکے روز تک تعلیمی اداروں میں ’’میرا وطن میری پہچان‘‘ کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز رہائشی، مقامی اور اضلاع کے حلقہ جات کی سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ ایاز علی عمرانی کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 23 مارچ بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ 23 مارچ کی مناسبت سے سندھ بھر میں ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے شیڈول مرتب کرلیا گیا ہے۔ ان پروگرامات میں ناظم جمعیت سندھ اسد علی قریشی، سیکرٹری جمعیت عمیر شمس سمیت اراکین شوریٰ اور ذمے داران شرکت کریں گے۔ ایاز علی عمرانی کا مزید کہنا تھا کہ یوم پاکستان ’’میرا وطن میری پہچان‘‘ کے سلوگن کے ساتھ منانے کا مقصد اس عظیم دن کی اہمیت سے طلبہ کو روشناس کروانا ہے، جب برصغیر کے مسلمان پہلی بار الگ پہچان حاصل کرنے کے لیے ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔ پاکستان کی بنیاد لاالہ اللہ اور دو قومی نظریہ ہے۔ 1940ء کو بھی جب مسلمان متحد ہوگئے تو ایک نئی مملکت دنیا کے نقشے پر نمودار ہوئی آج بھی متحد ہوکر سبز ہلالی پرچم سربلند رکھنا ہے۔ بعض اندرونی اور بیرونی قوتیں پاکستان کی شناخت مٹانے کی بھرپور کوشش کررہی ہیں۔ پاکستان کے ساتھ لفظ اسلام ان کو برداشت نہیں ہوتا جبکہ نام نہاد آزادی کے نام پر مشرقی اقدار کو پامال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے عناصر جان لیں کہ پاکستان کلمے کے نام پہ وجود میں آیا تھا اور تاقیامت کلمہ کے سائے میں ہی آباد رہے گا۔ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ طلبہ محنت اور لگن سے تمام علوم پر مہارت حاصل کریں تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔