ملکی ترقی میں سرمایہ دار اور جا گیر دار رکاوٹ ہیں، ڈاکٹر طارق سلیم

275

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کا منشور لے کر حکومت بنانے والے حکمران آج کرپشن کے خاتمے کی بجائے ملکی عدالتوں سے بددیانت اور کسی عوامی عہدے کے لیے تاحیات نااہل قرار دیے گئے، جہانگیر ترین کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک کروا کر ان سے 209 ارب روپے کے منصوبے میں بریفنگ لے رہے ہیں۔ پاکستان کو مدینہ کی اسلامی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والوں نے اس جانب ایک قدم بھی نہیں بڑھایا ، عوامی مسائل کے حل کے بجائے ہردن ان میں اضافہ کیا جارہا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ اسلامی نظام کے سوا ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی پی پی 17 کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن اور اسلامک سینٹر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے سید عزیر حامد، قاضی محمد ظہیر، مولانا سمیع الحق ودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ملک کی ترقی میں کرپٹ سرمایہ دار اور ظالم جاگیردار رکاو ٹ ہیں۔ دھاندلی اور پیسے کے زور پر اسمبلیوں میں پہنچ کر وزارتیں حاصل کرنے والے ملک وقوم سے مخلص کیسے ہوسکتے ہیں وہ الیکشن میں سرمایہ کاری کرکے حکومت میں شمولیت کے بعد اپنے اختیارات کو ذاتی مفادات او رلوٹ مار کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ عوام کو اپنا طرز انتخاب بدل کر دیانتدار اور اہل قیادت کو منتخب کرنا ہوگا، تب ہی مسائل کا حل ممکن ہوسکے گا۔ جماعت اسلامی میں ہر سطح پر دیانتدار اور اہل قیادت موجود ہے، مختلف ادوار میں سیکڑوں اراکین اسمبلی، وفاقی وصوبائی وزراء، میئرز اور منتخب نمائندوں نے عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی، لیکن کسی ایک کارکن پر بھی کرپشن کا کوئی داغ 70 برسوں میں بدترین مخالف بھی نہیں لگا سکا۔