ملکی سیاست استحصالی طبقے کے ہاتھوں میں جکڑی ہوئی ہے

126

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں حلقہ پی پی113 کے علاقہ علامہ اقبال کالونی میں دعوتی کیمپ کا انعقاد ،جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا جاوید قصوری ، نائب امیر ضلع پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں اعجازحسین ،زونل امیر راناطٰہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اور دیگرنے کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ، صوبائی جنرل سیکرٹری کی قیادت میں کیمپ کے شرکا نے عام افراد تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچانے اور جماعت میں شمولیت کی لیے وفد کی صورت میں لوگوں سے ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ ملکی سیاست استحصالی طبقے کے ہاتھوں میں جکڑی ہوئی ہے۔بڑی سیاسی طاقتوں کا اتحاد ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔عوامی سیاست ایک نئی تبدیلی کی جانب گامزن ہے۔ تبدیلی کے نعرے لگا کر اقتدار میں آنے والے اب تک عوام کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدینے کی ریاست قائم کرنے کے اعلان کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکمران اگر واقعی مدینے والا نظام عملی طور پر نافذ کردیں تو ملک میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔سرمایہ دارانہ نظام جلد زمین بوس ہونے والا ہے۔ حالات تبدیل ہو رہے ہیں،مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے نئی صفت بندی کرنا ہوگی۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ہمیں اپنے کا م کو اور تیز کرنا ہے اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنا ہے،مولاناجاویدقصوری نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان گھر گھر جا کر دعوتی پیغام پہنچائے۔