پانی نعمت صغریٰ سے کم نہیں اسے ضائع ہونے سے بچانا ہوگا،سید راشد داؤد

299

اسلا م آباد(وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے نیشنل ڈائریکٹر صاف پانی پروگرام سید راشد داؤد نے کہا ہے کہ پانی نعمت صغری سے کم نہیں ہے ، اسے ضائع ہونے سے بچا نا ہوگا۔ آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں ، نقصانات اور صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی دینا ہماری ذمے داری ہے ۔اِس وقت الخدمت کے صاف پانی پروگرام کے تحت ملک بھر میں105واٹر فلٹریشن پلانٹ،1754کنویں ،5439 ہینڈ پمپ،639 سب مرسبل واٹر پمپ،65 گریوٹی فلو واٹر اسکیم اور516 دیگر منصوبہ جات کام کر رہے ہیں اور اِن صاف پانی کے منصوبوں سے روزانہ تقریباً22 لاکھ افراد مستفید ہوتے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن اِ ن صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اس حوالے سے ملک بھر میں’’صاف پانی ۔۔۔ محفوظ زندگی‘‘ کے عنوان سے سیمینارزاورآگاہی واکس منعقد کر ہی ہے ۔سید راشد داؤد نے اس موقع پرکہا کہ عالمی یومِ آب منانے کا مقصد پانی کی اہمیت اور اسے محفوظ بنانے کے حوالے سے شعور عوام الناس میں شعور اجاگر کرنا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پانی کی قلت،آلودہ پانی اور اُس سے ہونے والے نقصانات کے پیشِ نظرملک بھر میں آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ شہروں اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کے منصوبوں پربھی کام کر رہی ہے۔