حکومت کی سات ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے،میاں اجمل حسین

171

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرمیاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ اوردیگرنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے برعکس اس کی سات ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، روپے کی بے قدری،ڈالر کی اونچی اڑان،مہنگائی کا طوفان اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے باوجود وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے مہنگائی کی مزید نوید اور عوام کی چیخوں کی خوشخبری سنانا ملک وقوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے، حکومت انتخابی وعدوں کے مطابق عام آدمی کا معیار بہتر بنانے کیلیے اقدامات کرے، جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ اور عدل وانصاف کے نظام کیلیے جدوجہد کررہی ہے،معاشرے کے تمام طبقات سے رابطہ کرکے حالات کی سنگینی سے آگاہ کرنا ہماری ذمے داری ہے، جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم بھی اس سلسلے کی کڑی ہے،تمام مسائل کا حل رجوع اللہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تمام مسائل کی جڑ دین سے دوری اور انسانیت دشمن مغربی نظام ہے، پنجاب میں صحت، تعلیم اور بلدیاتی اداروں کی ابتر صورتحال حکمرانوں کیلیے لمحہ فکر ہے، حقیقی تبدیلی اور استحکام پاکستان نظام مصطفی میں مضمر ہے۔