برائی کی طاقتیں منظم ہوکرپاکستان کے نوجوانوں کوٹارگٹ کررہی ہیں 

112

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ برائی کی طاقتیں منظم ہوکرپاکستان کے نوجوانوں کوٹارگٹ کررہی ہیں لیکن جغرافیائی ونظریاتی سرحدوں کی محافظ جماعت اسلامی ہرمحاذ پرشیطانی قوتوں کا مقابلہ کررہی ہے اسلام کے خلاف اندونی وبیرونی طاغوت سازشیں کررہا ہے لیکن اسلام مغلوب نہیں غالب ہونے کیلیے آیا دجالی قوتیں کتنا ہی زورلگا لیں دین اسلام غالب ہوکررہے گا ،کارکنان میدان عمل میں نکلیں اورعوام کواسلام کے غلبے کی جدوجہد میں اپنا معاون بنائیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب ناشتااور نجی اسکول کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیرضلع نے سکول میں مستحق بچوں کیلیے فیس کی معافی کے علاوہ یونیفارم اورکتب فراہم کیں ۔راجا محمدجواد نے کہاکہ اسلام کے نام پرقائم ہونے والی ریاست میں قرآن وسنت اور اسلامی شعائرکا مذاق اڑایا جارہا ہے ایسے حالات میں ہم خاموش بیٹھے رہے توہمارا ایمان کامل نہیں ہوگا عوام کو چاہیے کہ وہ اسلام کی سربلندی اوراسلامی شعائرکی حفاظت کرنے والی قوتوں کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں اور طاغوتی قوتوں کے شیطانی حریوں کوناکام بنادیں ۔