سعودیہ میں مقیم غیر ملکی رشتہ داروں کو عمرے پر بلا سکیں گے

627
سعودی حکام کی جانب سے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکی افراد کے رشتہ داروں کے لئے عمرہ ویزا جاری کرنے کا قانون منظور کر لیا گیا ہے یعنی اب سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنے رشتے داروں کو عمرہ ویزا دلوا سکیں گے۔
سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹر عبدالعزیز وزان نے بتایا ہے کہ اس قانون کے مطابق سعودی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی افراد اپنے 3 سے 5 رشتہ داروں کے لئے عمرہ ویزا جاری کروا سکیں گے ۔ ویزا سال میں تین بار جاری کروایا جا سکے گا اور اس کے لیے سعودی شہری اپنے کارڈ پر یا غیر ملکی اپنے اقامے پر رشتے داروں کے لئے ویزا جاری کروائیں گے۔
ڈاکٹر عبدالعزیز کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون کی شرائط کے تحت رشتہ دار کا قریبی ہونا ضروری ہے اور جن رشتے داروں کو ویزے پر بلایا جائے گا ان کی مکمل میزبانی اور ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ان کی واپسی بھی بلانے والے کی ذمہ داری ہوگی۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق نیا قانون منظور کر لیا گیا ہے اور اسے بہت جلد نافذ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت عمرہ کے قواعد و ضوابط کے مطابق سعودی شہری اور وہاں مقیم غیر ملکی افراد اپنے رشتے داروں کے لئے عمرہ ویزا جاری نہیں کراسکتے اور عمرے کے خواہشمند افراد کو اپنے ملک میں موجود کسی عمرہ ایجنٹ کے ذریعے پیکج خریدنا پڑتا ہے۔