بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافے سے کاروبارتباہ ہورہے ہیں

129

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت کا بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ کامژدہ مہنگائی سے پسی عوام پر حکومت کا ڈرون حملہ ہے،مہنگائی اوربے روزگاری کے باعث عوام پہلے ہی تنگ ہیں اوپرسے آئے روز کے اضافے عوام کے خون کا آخری قطرہ تک نچورنے کے مترادف ہیں ۔بجلی اورگیس کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ نے کاروبارتباہ وبربادکردیئے ہیں جس کے باعث غریب عام آدمی روٹی کے نوالے کو بھی ترس گیاہے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی میں 150 فیصد اضافہ ہوااوربے روزگاری میں اس سے دوگنازیادہ ہواہے، گھریلو صارفین کیلیے ساڑھے 10فیصد سے گیس کی قیمت بڑھا کر 145 فیصد تک مہنگی کی گئی ہے عوام کو حکومت سے یہ توقع نہیں تھی کہ اس طرح کا عوام دشمن بجٹ لائیں گے۔رہنماؤں نے کہاکہ بجلی اور گیس کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجائے گی جس کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔ انہوں نے کہاہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیں کیونکہ پاکستانی قوم نے آپ کے اس فیصلے کو رد کردیا ہے ۔
کوئٹہ ،30 دن بجلی کی بندش کے باعث پینے کا پانی ناپید ہوگیا
کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے کہا ہے کہ خانوزئی کلی دلسورہ میں تقریباً 30 دن سے بجلی کی بندش کے باعث پینے کا پانی ناپید ہوگیا اور عوام دور دراز علاقوں سے پانے لانے پر مجبور ہے ۔ دلسورہ کے سماجی رہنماؤں ملا عبدالبصیر سلطانزئی ، ملا محراب خان سلطانزئی ، بشیر احمد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دلسورہ خانوزئی کا بجلی گزشتہ 30 دن سے مکمل طور پر بند ہے حالانکہ علاقے کی عوام بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی بجلی کی بندش سمجھ سے بالاتر ہے لوگ دور دراز علاقوں سے ٹریکٹروں یا پھر گدھوں کے ذریعے اپنی ضروریات کے لئے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔ اس تمام تر صورتحال کے باوجود بھی حلقے کاایم پی اے خاموش ہے اگر علاقے کو بجلی کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو عوام بھر پور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی ۔