عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی کئی ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں، پیما

422

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی کئی ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں، ریٹائر ہونے والے ڈاکٹرز کی پینشن اورگریجویٹی کا مسئلہ حل کیا جائے، ان کو سنیارٹی اور میرٹ کی بنیاد پر ترقیاں دی جائیں اور صوبے کے دوسرے اسپتالوں کی طرح عباسی شہید اسپتال میں بھی ہیلتھ اسٹرکچر لاگو کیا جائے۔ یہ مطالبات پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، کراچی کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر کاشف شازلی اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان نے عباسی شہید اسپتال کے ہنگامے دورے کے موقع پر عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کیے۔ ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہاﺅس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تنخواہیں جو کئی ماہ سے ادا نہیں کی گئی ہیں جلد از جلد انہیں ادا کرنے کیا جائے، ہم عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کے تمام جا ئز مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اگر انتظامیہ نے جلد از جلد عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کے مسائل حل نہیں کیے تو تمام تر حالات کی سنگینی کی ذمے دار سٹی گورنمنٹ اور عباسی اسپتال کی انتظامیہ ہوں گی۔ اس موقع پر وائی ڈی اے سندھ کے کیبنٹ ممبرز اور چیئرمین ڈاکٹر عمر سلطان نے عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ہر فورم پر ان کے مسائل حل کرانے کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے مسئلے پر پیما کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے پیما کے ذمے داران کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ پیما ڈاکٹرز کمیونٹی کے لیے ہمیشہ بھرپور آواز بلند کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی دن رات مریضوں کی خدمت کرتی ہے اور المیہ ہے کہ ان کو وقت پر ان کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عباسی اسپتال کی انتظامیہ 15برسوں سے یہی کرتی آئی ہے اور جو ڈاکٹر ریٹائر ہوتے ہیں ان کی پینشن اور گریجویٹی بھی ادا نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیما اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ذمے داران عباسی اسپتال کے ڈاکٹرز کے تمام جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اعلیٰ احکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد ڈاکٹرز کی تنخواہیں اور ریٹائر ہونے والے ڈاکٹرز کی پینشن اور گریجوٹی کا مسئلہ حل کیا جائے، ان کو سنیارٹی اور میرٹ کی بنیاد پر ترقیاں دی جائیں اور صوبے کے دوسرے اسپتالوں کی طرح عباسی شہید اسپتال میں بھی ہیلتھ اسٹرکچر لاگو کیا جائے۔