عوامی سیاست ایک نئی تبدیلی کی جانب گامزن ہے،انجینئر عظیم رندھاوا

131

فیصل آباد(وقاع نگار خصوصی )جماعت اسلامی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں حلقہ پی پی113 کے علاقہ ستارہ کالونی فوارہ چوک میں دعوتی کیمپ کا انعقاد ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئرعظیم رندھاواضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں اعجازحسین ،زونل امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اور دیگرنے کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ضلعی امیر کی قیادت میں کیمپ کے شرکا نے عام افراد تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچانے اورجماعت میں شمولیت کی لیے وفد کی صورت میں لوگوں سے ملاقاتیں کیں ۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ ملکی سیاست استحصالی طبقے کے ہاتھوں میں جکڑی ہوئی ہے۔بڑی سیاسی طاقتوں کا اتحاد ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔عوامی سیاست ایک نئی تبدیلی کی جانب گامزن ہے۔ تبدیلی کے نعرے لگا کر اقتدار میں آنے والے اب تک عوام کو مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدینے کی ریاست قائم کرنے کے اعلان کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ حکمران اگر واقعی مدینے والا نظام عملی طور پر نافذ کردیں تو ملک میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔سرمایہ دارانہ نظام جلد زمین بوس ہونے والا ہے۔ حالات تبدیل ہو رہے ہیں،مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے نئی صفت بندی کرنا ہوگی۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ہمیں اپنے کا م کو اور تیز کرنا ہے اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرنا ہے،رہنماؤں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان گھر گھر جا کر دعوتی پیغام پہنچائے۔