اُڑتی ہوئی کلاشنکوف دراصل جدید روسی ڈرون ہے

325

روسی اسلحہ ساز کمپنی نے فضا میں اُڑنے والی ’کلاشنکوف اے کے-47 ‘ جیسی ساخت رکھنے والے ڈرون کی تصاویر جاری کردی ہیں۔ فروری 2018 میں پہلی بار روس کے خفیہ ادارے کے ایک افسر نے انکشاف کیا تھا کہ ایک ایسا جاسوسی ڈرون تیار کیا جا رہا ہے جس کی شکل ہوبہو معروف روسی کلاشنکوف اے کے-47 کی طرح ہے اور جو فضا میں اڑتی ہوئی کلاشنکوف لگتی ہے۔
روسی کمپنی الماز اینٹے نے ڈرون اے کے-47 کی تصاویر جاری کردی ہیں۔ طیارے کی طرح اڑتے ہوئے یہ ڈرون اے کے-47 لگتے ہیں۔ یہ ڈرون طیارے پروں سے مستثنیٰ ہوں گے لیکن فضا میں توازن برقرار رکھنے کے لیے دو بلب نصب کیے جائیں گے۔
یہ ڈرون نا صرف کلاشنکوف کی شکل سے مشابہت رکھتے ہیں بلکہ اس میں کیلے کی شکل کا میگزین بھی لگا ہوا ہے جس میں 30 راؤنڈ سما سکتے ہیں، اس شکل کا میگزین کلاشنکوف رائفل میں بھی ہوتا ہے۔ اپنی مخصوص ساخت کے باوجود یہ ڈرون فضا میں تیرتے ہوئے اپنے شکار کو بآسانی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ روسی اسلحہ ساز کمپنیاں جہاں جدید جنگی ساز و سامان بنانے میں مہارت رکھتی ہیں وہیں خود انحصاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جاسوی ڈرون کی تیاری میں بھی شہرت رکھتی ہیں۔ حال ہی میں زیر آب ڈرون کی ایجاد ایسی ہی چونکا دینے والی تخلیق ہے اور اب کلاشنکوف ڈرون طیارہ ایک نیا شاہکار ہے۔
واضح رہے کہ 80ء کی دہائی میں سویت یونین افغان وار کے دوران روسی رائفل کلاشنکوف نے عالمگیر شہرت حاصل کی تھی اور جدید اسلحہ میں یہ شاید واحد رائفل تھی جس کا نام زبان زد عام تھا۔ اس رائفل کا نام اس کے تخلیق کار میخائل کلاشنکوف پر رکھا گیا تھا۔