امریکا کیلیے جاسوسی کے الزام میں پی سی ہوٹل کے سابق جنرل منیجر گرفتار؟

1161

کراچی پی سی ہوٹل کے سابق جنرل منیجر جیفری اسکاٹ سسمن کو خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ جیفری اسکاٹ پر امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے لیے کام کرنے کا الزام ہے ۔

سوشل میڈیا اور آزاد ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہوٹل کی نویں منزل پر جیفری اسکاٹ کے زیر رہائش کمرے پر چھاپہ مار کر کمرے میں موجود سامان قبضہ میں لے لیا ہے جس میں متعدد جعلی نمبر پلیٹس اور گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشنز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق جیفری اسکارٹ کے کمرے پر چھاپہ ٹھوس خفیہ اطلاعات کے نتیجے میں مارا گیا۔ جیفری اسکارٹ کی کراچی اور اندرون سندھ میں کئی مشتبہ افراد سے ملاقاتوں کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں ۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اس کاروائی کی اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے بھی اس پر کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب پی سی ہوٹل کی جانب سے اس خبر کی بھرپور تردید کی گئی ہے ۔ ہوٹل کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میڈیا میں جھوٹی خبر چلائی جا رہی ہے جسکا مقصد پی سی ہوٹل اور حکومتی ایجنسیوں کو بد نام کرنا ہے۔