حکومت پیٹرول کے نرخ میں کیے گئے اضافے کو فوری واپس لے 

169

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر عوامی مفاد میں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ٹولے کو اپنے ماضی کے بیانات ٗ دعووں اور وعدوں کا ہی کوئی پاس اور لحاظ رکھنا چاہیے۔حکمران جماعت آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدوں پر عملدر آمد کرتے ہوئے عوام پر مسلسل مہنگائی کے بم گرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ حکومت کا توکام ہوتا ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنا۔ عوام کو سہولیات مہیا کرنا ایک اچھی اور عوام دوست حکومت کا خاصہ ہوتا ہے۔ مگر افسوس کہ تبدیلی کے نعرے ٗدعوے اور وعدے پر بر سر اقتدار آنے والوں نے اپنے منشور اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو ہی بُھلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی چیخیں نکالنے والے یاد رکھیں کہ انہوں نے ہمیشہ اقتدار کے ایوانوں میں نہیں رہنا ہے۔ عوام جس کو عزت دے سکتے ہیں اس کو اس سے محروم بھی کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے حالیہ ظالمانہ اضافے کو عوامی مفاد میں فوری طور پر واپس لے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تومہنگائی کا ایک بڑا طوفان آ جائے گااور حکمرانوں کو عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بننا پڑے گا۔