اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ جامعہ الازھر، عالم اسلام سے اظہار یکجہتی

335
فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے مصر کے دورے کے دوران ملک کی سب سے بڑی دینی درس گاہ ‘جامعہ الازھر’ کے سربراہ الشیخ احمد الطیب سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کے بیانیےکے خلاف وہ عالم اسلام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

منگل کے روز جامعہ الازھرکے سربراہ الشیخ احمد الطیب سے ملاقات کے بعد انتونیو گوٹیرس نے نفرت، نسل پرستی اور اسلام دشمنی کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے وسط مارچ کو جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردی کے نتیجے میں 50 نمازیوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

گوٹیرس کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں نفرت کا بیانیہ مرکزی حیثیت اختیار کرگیا ہےاور جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اور ریڈیو کا استعمال کرتے ہیں۔

انتونیو گوٹیرس نے مزید  کہا کہ نفرت، انتہا پسندی، دہشت گردی اور نسل پرستی کے خلاف ہمیں ایک دوسرے کے شانہ بہ شانہ چلناہوگا۔ مذہب کو جواز بنا کر مخالف مذہب کے پیروکاروں پرحملے ناقابل قبول ہیں۔ انسانی جان کی تکریم اور بین الاقوامی انسانی حقوق ہم سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔