بجٹ آنے سے قبل حکومت مہنگائی کا سیلاب لے آئی، راجا محمد جواد 

119

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کا مطلب انسانوں کی مشکلات کم کرنا، پسے ہوئے طبقات کو اٹھانا، انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلانا تھا مگر موجودہ حکمران اسلامی ریاست کی طرف قدم بڑھانے کے بجائے مخالف سمت جارہے ہیں۔ حکومت نے تیل، گیس اور بجلی کی قیمتیں اتنی بڑھا دی ہیں کہ عوام شدید تر مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تعلیمی ادارے میں تقریب تکمیل حفظ القرآن سمیت رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ضلعی جنرل سیکرٹری سید امجد حسین شاہ، امیر زون ملک محمد الیاس، گروپ لیڈر پی پی 13 محمد تاج عباسی، اسلم عباسی، سردار رفیع الدین و دیگر ذمے داران بھی شریک تھے۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ حکومت بجٹ آنے سے قبل ہی مہنگائی کا وہ سیلاب لے آئی ہے جو سب کچھ بہا لے جائے گا۔ صورتحال یہی رہی تو شاید بجٹ پیش کرنے کی نوبت ہی نہ آئے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ حکومت آٹھ ماہ میں ٹیکس چوروں کو پکڑ سکی نہ ٹیکس وصولی کا کوئی مناسب نظام بناسکی۔ حکمرانوں نے وعدہ کیا تھاکہ کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کو پکڑ کر لوٹی گئی قومی دولت نکلوائیں گے مگر عوام کو کوئی خوشخبری نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ لٹیروں کو پکڑیں اور بیرون ملک منتقل کی گئی قومی دولت کو ملک میں لایا جائے۔