رابطہ عوام مہم ودعوت قرآن مہم کا بنیادی مقصد توسیع دعوت ہے

82

پشاور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت پورے ملک کی طرح پشاور میں بھی بڑے پیمانے پر دعوت قرآن مہم کا پہلا مرحلہ جس میں پشاور کے تمام زونز میں اجتماع ارکان کا مرحلہ مکمل کردیا گیا، دوسرے مرحلے میں مہم کے دوران گھر گھر ملاقاتیں،مساجد،مارکیٹوں اور اہم پبلک مقامات پر رابطے کیے جائیں گے،دعوتی کیمپ لگائے جائیں گے، جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف زونز میں اجتماع ارکان وکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع ارکان وکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عتیق الرحمن نے کہاکہ ارکان ، کارکنان اور ذمے داران دعوت قرآن مہم کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائیں، رابطہ عوام مہم ودعوت قرآن مہم کا بنیادی مقصد توسیع دعوت ہے،جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام کو عام کرنا ہے، اقامت دین کی جدوجہد میں لوگوں کو اپنے ساتھ ملانا ہے،لوگوں کو کسی شخصیت یا ذات نہیں بلکہ صرف اور صرف اللہ کے دین کی طرف بلانا ہے،اللہ تعالی کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہے،اللہ کے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر صرف اللہ کی بندگی اور غلامی میں لانا ہے اور اس جدوجہد کا مقصد جنت کا حصول اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے،اسی مقصد کے لیے لوگوں کو جمع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت اور مولانا مودودیؒ کی فکر اور لٹریچر نے دنیا بھر میں اپنا اثر قائم کیا ہے اور اسلامی تحریکوں نے ان کی فکر اور لٹریچر سے استفادہ کیا ہے،مولانا مودودیؒ نے لوگوں کو اپنی ذات کی طرف نہیں بلکہ اللہ کے دین کی طرف بلایا اور دین کو غالب کرنے اور نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہاکہ دعوت قرآن مہم 27اپریل تک جاری رہیگا اور 28اپریل کو عظیم الشان پیغام قرآن اجتماع منعقد کیا جائے گا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹیر سراج الحق ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹرمشتاق احمد خان ، جید علماء کرام اور مختلف مکاتب فکر کے لوگ شرکت کریں گے۔