حکمران اورسامراجی نظام آئین پرعملدرآمد میں رکاوٹ ہیں

88

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ ملکی آئین پرعملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمران ، کرپٹ اشرافیہ اورسامراجی نظام ہے آئین اسلام سے متصادم کسی قانون کی اجازت نہیں دیتا لیکن حکمرانوں کے وکیل عدالتوں میں سودی نظام کا دفاع کررہے ہیں۔ پشاورجنگلہ بس نااہلی کاشاہکارہے اب اسی کے بانی نیاپاکستان بنارہے ہیں۔ ا ن خیالات کااظہارانہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے کل پاکستا ن اجتماع عام کی اختتامی تقریب ،جماعت اسلامی این اے 58کی تربیت گاہ سمیت دیگراجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع عام میں نومنتخب منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ مولانا الطاف احمد،امیرضلع سردارامجدخان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ محمدبلال،مفتی محمدشفیع سمیت ملک بھرسے علما کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔قبل ازیں امیرصوبہ نے سردارگل اندازکے جواں سالہ بیٹے شہریاراندازکی وفات پرلواحقین سے اظہارتعزیت اوردعائے مغفرت کی۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ہربرس پارٹی بدل کرنئی پارٹی کے ترجمان بننے والے وزیراطلاعات اسلام اورملکی اداروں پر حملوں سے بازرہیں اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے لیکن وفاقی وزیرکی جانب سے اس کی سفارشات کی تضحیک کرنا شرمناک اورقابل مذمت اقدام ہے ،دینی مدارس اسلام کے قلعے اورپاکستان کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ نریندرمودی اوراس کے آقا جان لیں کہ 22کروڑعوام اورسیکورٹی فورسزپاکستان کی جانب بڑھنے والے ہرہاتھ کوکاٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اوراس کا عملی ثبو ت دنیا دیکھ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم نے تمام پارٹیوں کوآزمالیا اب اس کے پاس جماعت اسلامی کی دیانتدار،مخلص اوراہل قیادت کے علاو ہ کوئی آپشن نہیں۔