قومی ایئر لائن کی میزبان بیرون ملک ڈیوٹی کے دوران فرار

387

پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان بیرون ملک ڈیوٹی کے دوران فرار ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والی فضائی میزبان شازیہ گزشتہ روز لاہور سے پیرس کی فلائٹ پر آن ڈیوٹی تھی اور پیرس کے ہوٹل میں قیام کے دوران کسی کو بتائے بغیر اپنا سامان لے کر بیلجیم چلی گئی۔ بیلجیم جانے سے قبل شازیہ نے اپنا استعفیٰ ہوٹل کے ٹیبل پر رکھ دیا۔ ائیرلائن کے عملے نے شازیہ کا استعفی دیکھ کر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ہوسٹس شازیہ نے لاہور سے سفارش کے ذریعے اپنی ڈیوٹی پیرس جانے والی فلائٹ پر لگوائی تھی۔ واقعے کا علم ہونے کے بعد قومی ایئرلائن نے اس معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے۔ 
یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں بھی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا میں فرار ہوگئی تھی جس پر پی آئی اے کو آٹھ ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا تھا۔