غریب اور لاچار مریضوں کا علاج ہما ری اولین ترجیح ہے،بلوچ ڈاکٹرز فورم

143

کوئٹہ (اے پی پی) غریب اور لاچار مریضوں کا علاج ہما ری اولین ترجیح ہے،غیر ضروری ہڑتالوں سے اجتناب کیا جائے ، بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ بلوچ ڈاکٹرز فورم نے ہمیشہ ڈاکٹرز کے حقوق کے ساتھ ساتھ غریب اور لاچار عوام کے دکھ اور تکلیف کا ادراک رکھا ہے ، بی ڈی ایف کو بہت اچھی طرح اس بات کا احساس ہے کہ بلوچستان جو کہ ناخواندگی میں سب سے آگے اور غربت میں سب سے نیچے ہے اس کے 80 فیصد عوام سرکاری اسپتالوں میں اپنے علاج معالجے کو ترجیح دیتے ہیں اور پرائیوٹ اسپتالوں کے اخراجات ان کے بس سے باہر ہیں، اس لیے سرکاری اسپتالوں میں عوام کے لیے سہولیات میسر کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں بی ڈی ایف صوبائی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں خاص کر ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں تمام بنیادی ضروریات پوری کی جائیں، ادویات، تشخصی مشینری اور کٹس، ایکسرے سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور ڈائیلاسز کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کے لیے ٹرینگز اور ورکشاپس کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کو ان گھر کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات میسر ہوں اور ریفرل سسٹم کو مضبوط بنایا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں طب کی بنیادی سہولیات مہیا کرنے میں پی پی ایچ آئی کا کردار قابل تعریف ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے سب سے زیادہ متاثر بلوچستان کے بے بس اور مظلوم عوام ہوتے ہیں اور عوام کے دلوں میں اپنے مسیحاؤں کے لیے نفرت پیدا ہوتی ہے۔ اس لیے بی ڈی ایف ڈاکٹرز کی تمام تنظیموں سے اپیل کرتی ہے کہ ہڑتال اور اسپتالوں کو بند کرنے سے پہلے غریب لوگوں کے دکھ اور درد کا احساس کریں اور غیر ضروری ہڑتالوں سے اجتناب کیا جائے۔