حکومت نے اپنی نالائقی کی وجہ سے محکمہ صحت کو تباہ کردیا،سینیٹرمشتاق خان

144

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے محکمہ صحت کو تجربہ گاہ بنالیا ہے۔ اپنی نالائقی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے محکمہ صحت کو تباہ کردیا ہے۔ محکمہ صحت میں نت نئے تجربات سے ڈاکٹروں ، مریضوں اور صحت کے شعبہ کو شدید نقصان پہنچے گا۔ حکومتی اقدامات اور غیر قانونی فیصلوں کے خلاف ڈاکٹروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ اوپن ہارٹ سرجری کے لیے ڈاکٹروں کو درکار وقت سے کم وقت دینا مریض کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ حکومت شرح اموات کو گھٹانے کے بجائے بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ متعلقہ حکام نے اوپن ہارٹ سرجری کے معیارات سے مکمل لاعلمی اور ناواقفیت کی بنا پر ایسے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ڈاکٹروں کو دیے گئے احکامات پر مشتمل خط کو میڈیا کی زینت بنانا شرمناک ہے، حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ڈاکٹروں کیخلاف محاذ کھولنے کی کوشش کررہی ہے۔ سیاسی مقاصد کے لیے ڈاکٹروں کی تذلیل فوری بند کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور ڈاکٹروں پر دباؤ ڈالنے کی بجائے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کرے اور اسپتالوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات اور آلات فراہم کرے۔ ڈاکٹروں کو دھمکانا اور ان کی تذلیل برداشت کی جائے گی نہ ہی کسی کو اس کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ڈاکٹروں کے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ڈاکٹروں کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔ ڈاکٹروں کے احتجاج میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔