استعفے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، کہیں نہیں جا رہا : اسد عمر

313

وزیر خزانہ اسد عمر نے استعفے کے حوالے سے زیر گردش تمام خبروں کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ یہ سب باتیں غلط ہیں ۔ میں کہیں نہیں جا رہا۔
صحافی کے استعفے سے متعلق سوال کے جواب میں اسد عمر نے شعر کا مصرع بھی پڑا ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے۔
وزیر خزانہ آجکل واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہیں ۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جلد مکمل ہو جائے گا۔ پہلے آئی ایم ایف کی تجاویز پاکستان کی معیشت کے لیے بہتر نہیں تھیں اس لیے اس وقت تک معاہدہ نہیں کیا جب تک ایسی تجاویز نہ رکھی جائیں جو معیشت کی بہتری کے لیے ہوں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ملک میں خطرناک حد تک ادائیگیوں کے توازن کا بحران تھا جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور قیمتوں میں اضافہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ معیشت میں ایسے اقدامات لینے پڑتے ہیں۔
بھارت کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مسائل اور تجارت پر بات چیت کا ارادہ ہے ۔ علاقائی تجارت سے خطے کی عوام کی بہتری ہوگی۔ امید ہے بھارت میں آنے والی نئی حکومت پاکستان کے ساتھ بیٹھے گی۔