سہنسہ،پلندری( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے ،نبی مہربان ؐ نے انسانوں کو قرآن کے ساتھ جوڑا اور ایسی ٹیم تیار کی جو رہتی دنیا تک مینارہ نور رہے گی ،جماعت اسلامی کے کارکن خود بھی اسلامی تعلیمات پر عمل کریں اور لوگوں کو بھی اس کی دعوت دیں ، قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوئے بغیر نہ دنیا میں کامیابی مل سکتی اور نہ ہی آخرت میں سرخروئی نصیب ہوسکتی ہے ، قرآن نے انسان اور سماج دونوں کو تبدیل کیا اللہ نے اپنی مخلوق کے لیے جو نظام وحی کی صورت میں بھیجا ہے وہ نافذ ہو گا تو انسانوں کو انصاف ملے گا جماعت اسلامی قرآن کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سہنسہ اور پلندری میں ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی نائب امرا جماعت اسلامی ارشدندیم ایڈووکیٹ اورراجا جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ دجالیت کے عروج کے دورمیں جماعت اسلامی اللہ کی بڑی نعمت ہے جو انسانوں کو اسلامی تہذیب سے وابستہ کررہی ہے مادہ پرستی کی اس چکاچوند میں انسانوں کو اللہ کی طرف بلانا اس کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا سعادت والا کام ہے یہ وہ کام ہے جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے انبیاؑ مبعوث کیے نبی ؐ آخری نبی ہیں ان کے بعد یہ کام امت نے کرنا ہے امت مسلمہ کودر اصل انبیاؑ کا کام کرنا تھا اللہ تعالیٰ نے یہ امت نکالی ہی اسی لیے تھی کہ وہ خیر کا حکم دے گی اور برائیوں سے روکے گی ایسا نظام اور معاشرہ قائم کرے گی جہاں نیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو جب سے امت نے یہ کام چھوڑا قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو کمزور کیا یہ مشکلات میں گر گئے پستیوں میں پڑی اس امت کو ایک بار پھر اپنے اصل کی طرف لوٹنا ہو گا قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنا ہو گا سیرت اور صلحا امت کی زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہو گااور ان کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اپنی زندگیوں کو بسر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی امید کی واحد کرن ہے جو درست تصور دین کے ساتھ میدان عمل میں موجود اور اللہ کے دین کے قیام کے لیے مصروف جہد ہے۔