کرپشن کے خاتمے کیلیے سب سے پہلے جدوجہد جماعت اسلامی نے کی

137

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ عدالت عظمیٰ سمیت دیگرملکی وعالمی اداروں نے سینیٹرسراج الحق اور جماعت اسلامی کی دیانتداری اوراہلیت کی گواہی دی،کرپشن کے خاتمے کیلئے سب سے پہلے جدوجہد جماعت اسلامی نے شروع کی پاناما کیس میں ہم نے ملکی عدالتوں سے رجوع کیا اوربالآخرملکی دولت لوٹنے والے اپنے انجام کوپہنچے لیکن آج بااثر مجرموں او رملزمان کو ریلیف دیا جارہا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی مورگاہ کے زیراہتمام پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدررضوان احمد،جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری امجدحسین شاہ ،امیرزون پی پی 13ملک محمدالیاس،عبدالقدیر،فضل الرحمن اورملک طاہرنے بھی خطا ب کیا ۔ تقریب میں مستحق طلبہ میں نوٹ بکس بھی تقسیم کی گئیں۔ راجا محمدجواد نے کہاکہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے زخموں پر مرہم رکھنے والے الخدمت فاؤنڈیشن اورجماعت اسلامی کے کارکنان کی محنت اورعلاقے کے مخیرخواتین وحضرات کی جانب سے عطیات کی فراہمی پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، اساتذہ اور والدین کی محنتوں کی بدولت ہمارے یہ معصوم بچے تعلیمی میدان میں نمایاں کرداراداکررہے ہیں۔