دہشت گرد عناصر حکومت سے زیادہ طاقتور ہیں ‘سرداراختر مینگل

124

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر حکومت سے زیادہ طاقتور ہیں، اس لیےبلوچستان میں امن کا قیام حکومت کے بس کی بات نہیں، برسر اقتدار لوگوں کے پاس بولنے کے لیے بہت کچھ مگر عوام کو تحفظ کی فراہمی کی ضمانت نہیں۔ان خیالات کاظہار انہوں نے ہزارگنجی سبزی منڈی بم دھماکے کے واقعے کے خلاف مغربی بائی پاس پر دیے گئے دھرنے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ساتھ تھے۔ سردار اختر مینگل نے کہا کہ بدقسمتی سے حکمرانوں نے صوبے کے عوام کوکبھی بھی اہمیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ یقین دہانیوں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ملزمان کوتاحال گرفتارکیاگیا اور نہ ہی واقعات کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں سے صوبے میں امن نہیںآنے والا،ہم اپنی سرزمین پر کسی کا بھی ناحق خون بہتا نہیں دیکھ سکتے۔