حکومت کیخلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیںیہ خود گرے گی،سینیٹر مشتاق خان

182

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے خلاف کسی تحریک کی ضرورت نہیںیہ اپنی ناکامی کے بوجھ سے خود گرے گی ،پاکستان میں ہائبرڈ ڈیموکریسی رائج ہے، ملک میں نظریاتی نہیں بلکہ تاجرانہ سیاست ہے۔ ملک میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین رائج ہیں ،ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دہندگان کے منہ پر طمانچہ اور چورڈاکوؤں کو محفوظ راستہ دیناہے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دیکر حکومت نے اپنے کرپشن کے خلاف اور احتساب کے نعرے سے یوٹرن لیا ہے۔ وفاقی کابینہ میں مشرف دور کے تمام لوگوں شامل کیاگیا۔ حکومت بلدیاتی نظام کے پر کاٹنا چاہتی ہے،بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور اضلاع کو دیے گئے اختیارات واپس لینا چاہتی ہے۔ ضلعی حکومت ختم کرکے تحصیل حکومت بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے جماعت اسلامی اس کی اجاز ت نہیں دے گی۔قرآن کریم کتاب انقلاب اور کتاب جہاد ہے۔ قرآنی نظام ہی انسانیت کے تمام مسائل کا حل ہے۔ جغرافیہ، آبادی اور قدرتی دولت کی موجودگی میں غربت اور محکومی قرآن پاک سے دوری کی وجہ سے ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی ضلع مردان کے زیر اہتمام دوروزہ اجتماع عام اور بعد ازاں شیخ جانہ ضلع صوابی میں حفظ القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں جماعت اسلامی کے مردوخواتین کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع عام سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ،ضلعی امیر مولانا سلطان محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے سود عام کردیاہے۔ پرانے منصوبے اور پرانی پالیسیاں رائج ہیں کابینہ میں شامل ورزاء مشرف دور کے ہیں جن سے کسی قسم کی تبدیلی اورخیر کی توقع نہیں۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہاکہ حکومت نے 8ماہ گزارکر ثابت کردیاکہ یہ تاریخ کی سب سے ناکام اور نااہل ترین حکومت ہے۔ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آ کر تمام سابقہ حکومتوں کے قرضوں سے زیادہ قرضے لیکر ریکارڈ توڑدیا۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان معاشی طور پر کمزور ہوگیا۔مفاداور پیسہ کی بنیاد پر چلنے والے سیاست دانوں نے نظریہ کو ختم کر دیا ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کے بعد جماعت اسلامی پر پابندی لگا دی گئی ہزاروں افرادوں کو گرفتار کیاگیا ۔مساجدبند کردیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے انقلاب کے لیے ہمارے لیے جو راستہ متعین کیا ہے وہ اپنی جان و مال کو اللہ کی راہ میں قربان کرنا ہے۔ رسول اکرم ﷺ کے زندگی کا خلاصہ تھا کہ رب کو راضی کرکے جنت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جن کے سینکڑوں سیٹ ہیں دنیا ان کو جانتی تک نہیں ۔ ہمارے کام کی پیمائش کا پیمانہ انتخابات نہیں ۔ جماعت اسلامی پوری دنیا کے اسلامی تحاریک کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے۔