اورنج ٹرین کے فنڈز دیگر منصوبوں پر لگانا تشویشناک ہے،امیرالعظیم

177

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے آبی ذخائر نہ بننے کے علاوہ پرانے ڈیمز کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں کمی تشویشناک امر ہے۔ ملک میں ہر سال اربوں روپے کا قیمتی پانی سمندر برد ہوجاتا ہے۔ کالا باغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت کی خوشحالی کا انحصار پانی پر ہوتا ہے۔س وقت ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت صرف30دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے ہمارے حصے کے دریاؤں کا پانی چوری کرکے اپنے کھیتوں کو سیراب کررہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت 62 کے قریب چھوٹے بڑے ڈیم تعمیر کررہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ کالا باغ ڈیم جو خالصتاً ملکی مفادعامہ کا منصوبہ تھا ، سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی بنادیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی آبی جارحیت کو روکنے کے لیے حکومت پاکستان سنجیدگی سے اقدامات کرے۔ پاکستان کی معیشت کا 70فیصد حصہ زراعت سے منسلک ہے اور بھارت ہماری زرعی صلاحیت کو کمزور کرکے اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔ لاہور میں اورنج ٹرین منصوبہ التوا کا شکار ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایگزم بینک چائنا سے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ملنے والی رقوم دیگر منصوبوں پر لگانا قابل مذمت ہے۔ اورنج ٹرین منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ ہے، اسے جلد مکمل کیا جائے۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہونے چاہئیں۔امیر العظیم نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ رمضان کی آمد سے پہلے ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ہوچکا ہے۔