چناری(صباح نیوز)کنٹروللائن پر کشیدگی کے باعث معطل ہونے والی انٹرا کشمیر بس سروس تیتری نوٹ چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے 2 ہفتے بعد بحال، کنٹرول لائن سے 19مسافرسر حدپار پہنچ گئے،رالاکوٹ ، پونچھ تجارت بھی آج منگل کے روزبحال کر دی جائے گی جبکہ دوسری طرف سرینگر مظفرآباد بس سروس کنٹرول لائن کو ملانے والے امن برج کی عدم مرمتی کے باعث 49ویں روز بھی بحال نہ ہو سکی، سرینگر مظفرآباد تجارت رواں ہفتے بھی معطل رہے گی۔تفصیلات کے مطابق یکم اپریل کو تیتری نوٹ ،چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے منقسم کشمیر کے درمیان چلنے والی راولاکوٹ ،پونچھ بس سروس کے مسافر معمول کے مطابق کنٹرول لائن کراس کر کے سرحد پارپہنچے ،2 اپریل کو کنٹرول لائن پر کشیدگی کے باعث راولاکوٹ پونچھ بس اور ٹرک سروس کو معطل کر دیا گیا تھا ،حالات معمول پر آتے ہی پیر کو تیتری نوٹ ، چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ سے انٹرا کشمیر بس سروس بحال کر دی گئی جس کے بعد 19 مسافر کنٹرول لائن کراس کر کے سر حد پار پہنچ گئے ،ٹی ایف او تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ میجر(ر) طاہر کاظمی کے مطابق بس سروس کی بحالی کے بعد آج منگل کوراولاکوٹ ،پونچھ تجارت بھی بحال کر دی جائے گی جس کیلیے کنٹرول لائن پر مال بردار ٹرکوں کی اسکینگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ دریں اثنا بھارتی فوج کی جانب سے کنٹروللائن کو ملانے والے امن برج کی عدم مرمتی کے باعث سرینگر مظفرآباد بس سروس 49 ویں جبکہ سرینگر مظفرآباد تجارت 39ویں روز بھی معطل رہی،رواں ہفتے بھی سرینگر مظفرآباد تجارت کی بحالی کے امکانات نہیں ہیں۔