حیات آباد آپریشن : 5 دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار شہید، آپریشن جاری

491

پشاور کے علاقے حیات آبادمیں مکان میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف 16 گھنٹوں سے آپریشن جاری ہے۔ جس میں اب تک پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حیات آباد فیزسیون کے سیکٹر 10 کے گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خلاف آپریشن شروع کیا گیاجس میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے  میں 5دہشت گرد مارے گئے جبکہ اے ٹی ایس کا 1 جوان قمر عالم شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

سی سی پی او کے مطابق آپریشن اس وقت آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ آپریشن مکمل کرنے میں کچھ وقت اور لگے گا جبکہ اطراف کا ایریا کلیئر کروالیا گیا ۔

 سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کے مطابق دہشت گرد جس مکان میں موجود ہیں وہاں بالائی منزل میں آپریشن جاری ہے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع تھی کہ حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والے 6 کے قریب دہشت گرد مکان میں موجود ہیں۔آپریشن میں مکان کا گرائونڈ فلور کلیئر کر دیا گیا۔

کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ  جنرل شاہین مظہر محمود نے آپریشن  کی جگہ کا  دورہ کیا  اور انہوں نے ہدایت کی کہ مکینوں کی حفاظت کیلئے آپریشن میں احتیاط برتی جائے۔ ضرورت پڑنے پر ایس ایس جی کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔