شان کے نوڈلز میں چائنا سالٹ کا انکشاف

590

 خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے رمضان سے قبل مضر صحت اشیائے خور و نوش کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے کوہاٹ میں جعلی مشروبات کی فیکٹری سیل کردیں جبکہ پشاور میں شان پروڈکٹ کے نوڈلز میں ممنوعہ چائنا سالٹ کا انکشاف ہوا ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان عطاء اللہ خان کے مطابق کوہاٹ میں ایک فیکٹری کے اندر معروف برانڈز کے نام استعمال کرتے ہوئے جعلی اور مضر صحت مشروبات تیار کی جارہی تھیں۔ فوڈ اتھارٹی کے حکام نے فیکٹری سیل کرکے 15 ہزار لیٹر سے زائد مشروبات تلف کیں،جو رمضان کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں شان پروڈکٹ کے ڈسٹری بیوشن یونٹ پربھی چھاپہ مارا جہاں معائنہ کے دوران نوڈلز میں چائنا سالٹ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ جس پر نوڈلز کے تین ہزار سے زائد پیکٹ قبضے میں لیکر ڈسٹری بیوشن یونٹ سیل کرد یا گیا۔

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے اس موقع پر کہا کہ دو ہفتوں کے دوران جعلی مشروبات کی 15 سے زائد فیکٹریاں سیل کردی گئیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ لیٹر سے زائد جعلی مشروبات تلف کیے جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت قرار دیتے ہوئے چائنہ سالٹ کی فروخت پر پابندی عائد کررکھی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق چائنا سالٹ میں موجود مونو سوڈیم گلومیٹ سر درد، دل دھڑکن کے مسائل اور دماغی امراض کا سبب بن سکتاہے۔